نواز شریف کو سیاسی شہید بنانے کی مہم عروج پر : پی ٹی آئی رہنما نے قوم کو (ن) لیگیوں کی پلاننگ سے پیشگی آگاہ کر دیا

لاہور (ویب ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو سیاسی شہید بنانے کی مہم عروج پر پہنچ گئی ہے ،ن لیگ کے ترجمان اور وزراء کی جانب سے جی آئی ٹی پر الزامات کی بوچھاڑ سیاسی کرپشن کے مترادف ہے،انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی مظلوم بن کر عوامی ہمدردیاں حاصل کرنے کی کوششیں ناکام ہونگی،باشعور عوام جھوٹ کی سیاست کو پرکھ چکے اور وہ اب دھوکے میں نہیں آئیں گے ۔

عبدالعلیم خان نے چئیرمین سیکرٹریٹ میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی پیشی کے بعد ایک منصوبہ بندی کے تحت جے آئی ٹی کیخلاف مہم تیز کردی گئی ہے،ایک طرف وزیراعظم کے ترجمان شریف خاندان کیخلاف تعصب برتے جانے کے الزامات لگارہے ہیں تو وزراء کی فوج بھی سپریم کورٹ کے حکم پر کام کرنے والی جے آئی ٹی کو متنازعہ ثابت کرنے کیلئے سرگرم ہے اوروزراء صاحبان نے یہاں تک کہہ دیا کہ فیصلہ ٹھیک نہ آیا تو قوم تسلیم نہیں کرے گی،ان بیانات کا مقصد احتساب کے کٹہرے میں کھڑے شریف خاندان کو مظلوم ثابت کرتے ہوئے سیاسی ہمدردیاں حاصل کرنا ہے، عبدالعلیم خان نے کہا کہ پوری کوشش کی جارہی ہے کہ عدالتی محاذ پر ناکامی بھی ہو تو اس کو متنازعہ قرار دیکر انتخابات سے قبل عوام کے سامنے مظلومیت کا ڈھنڈورا پیٹا جائے، انہوں نے کہا کہ اٹارنی جنرل کا فریضہ انصاف کی فراہمی میں عدالت کی معاونت کرنا ہے لیکن انہوں نے شریف خاندان کی وکالت کو اپنی ذمہ داری سمجھ لیا،کئی سرکاری اداروں کے افسر بھی تحقیقات میں تعاون کرنے کے بجائے اپنی نوکریاں اور ترقیاں پکی کرنے میں مصروف ہیں، عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز شریف استعفی دیکر پیش ہوتے تو انصاف کے تقاضے پورے کرنے میں جے آئی ٹی کو مسائل کو سامنا نہ کرنا پڑتا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ میڈیا کے دور میں ن لیگ کے اوچھے ہتھکنڈے، عوام کے نظروں سے اوجھل نہیں،مالی کرپشن کی طرح شریف خاندان کی سیاسی کرپشن بھی بے نقاب ہوگی،ان کو آئندہ انتخابات میں منہ کی کھانا پڑے گی،عوام ن لیگ کو مزید 5سال تک ملکی وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کا مینڈیٹ نہیں دے سکتے،عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان مختلف سیاسی پارٹیوں کی وکٹیں تیزی سے گرا رہے ہیں، بھرپور تیاری کیساتھ انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے قوم کی تقدیر بدلنے کا مشن مکمل کریں گے۔ملک کو قرضوں میں ڈبو کر مصنوعی ترقی کے بینرز لگانے والوں کا دوبارہ اقتدار میں آنا قومی خود کشی کے مترادف ہوگا۔(ش س م۔ث)