شیخ رشید سے جھگڑا : ملک نور اعوان کو بڑی خوشخبری مل گئی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد سے پارلیمنٹ کے باہر 22 لاکھ روپے واپسی کا مطالبہ کرنے والے ملک نور اعوان کو مقامی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ حیدر شاہ نے ملک نور اعوان کی 23 جون تک درخواست ضمانت منظور کر لی۔

عدالت نے ملک نور اعوان کی پچاس ہزار روپے مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کی دوران سماعت پولیس حکام نے ملک نور اعوان سے تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔اس موقع پر مدعی مقدمہ شیخ رشید کے وکیل نے بھی ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کی استدعا کی تاہم ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر میں قابل ضمانت دفعات لگائی گئی ہیں لہٰذا جسمانی ریمانڈ منظور نہ کیا جائے اور ملزم کو ضمانت پر رہائی دی جائے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا اور تھوڑی دیر بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے ملک نور کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پچاس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے ملزم کو دوبارہ 23 جون کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ (ا،ب،ع)