طویل عرصے بعد نوکیا نے اپنا پہلا اسمارٹ فون متعارف کروادیا، قیمت اورخصوصیات جان کرآپ دنگ رہ جائیں گے

لاہور (نیوزڈیسک) کسی زمانے میں موبائل فون مارکیٹ پر راج کرنے والی کمپنی نوکیا طویل عرصے بعد اگلے ماہ اپنا پہلا اسمارٹ فون متعارف کرانے والی ہے۔مائیکروسافٹ کو اپنا فون بزنس فروخت کرنے کے بعد نوکیا نے اس مارکیٹ سے دوری اختیار کرلی تھی مگر گزشتہ سال کے آخر میں اس نے ایک بار پھر موبائل فونز ایچ ڈی ایم گلوبل کے بینر تلے بنانے کا اعلان کیا تھا۔اس سلسلے میں پہلا اسمارٹ فون اگلے ماہ بارسلونا میں شیڈول موبائل ورلڈ کانگریس میں متعارف کرایا جائے گا۔یہ نیا اسمارٹ فون گوگل کے اینڈرائیڈ سسٹم پر مبنی ہوگا اور اس طرح نوکیا ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کا استعمال بھی ختم کردے گی۔نوکیا کی جانب سے فروری میں متعارف کرائے جانے والے اسمارٹ فون کا ممکنہ نام D1c ہوسکتا ہے جو کہ ایک بجٹ فرینڈلی ڈیوائس ہوگی جس کے دو ورژن ہوسکتے ہیں۔

ابین قیمت کے بارے میں کچھ کہنا تو مشکل ہے مگر اندازہ لگایاجارہاہے کہ اس کی قیمت 150 سے 200 ڈالرز (15 سے 21 ہزار پاکستانی روپے) تک ہوگی۔اسی طرح اس کا ایک ورژن تھری جی بی ریم اور 5.5 انچ فل ایچ ڈی ڈسپلے جبکہ دوسرا ورژن 2 جی بی ریم اور 5 انچ فل ایچ ڈی اسکرین کے ساتھ ہوگا۔یہ کئی برس بعد نوکیا کا پہلا اسمارٹ فون ہوگا جس کے بعد اس کمپنی کی جانب سے 2017 میں 4 سے 5 مزید ڈیوائسز متعارف کرائے جانے کا بھی امکان ہے۔اس سے قبل نوکیا نے دسمبر کے آغاز میں ایک عام فون 150 متعارف کرایا تھا جس کی قیمت 26 ڈالرز تھی ، جبکہ اس کی بیٹری 22 گھنٹے لگاتار بات کرنے تک چل سکتی ہے جبکہ اسٹینڈ بائی پر اس کی زندگی 31 دن تک برقرار رہ سکتی ہے۔یہ فون جنوری میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔(خ۔و)