پاناما لیکس کا معاملہ ، پاکستانی اسٹاک مارکیٹ کو شدید مندی کا سامنا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاناما لیکس کے باعث ملک میں جاری سیاسی بحران نے پاکستانی اسٹاک مارکیٹ کوشدید مندی میں مبتلا کردیا ہے جس کےباعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 3.35 ارب ڈالر کے سرمائے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سیاسی عدم استحکام اور پاناما لیکس کے معاملے کے باعث ملکی سرمایہ کاروں نے بھی محتاط رویہ اپنالیاہے جس کے باعث اسٹاک مارکیٹ کے تیزی سے اوپر جاتے ہوئے گراف کو دھچکا لگا ہے اورگزشتہ دس ماہ میں ہونے والے 26.6 فیصد اضافے کو اچانک بریک لگ گئے ہیں۔

بیس اکتوبر کو 100 انڈیکس نے اسٹاک مارکیٹ کی نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے اکتالیس ہزار کے لیول کو عبور کرلیا تھا لیکن سیاسی کشمکش کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی نے ڈیرے ڈال دیئے اس لیے رواں ہفتے مارکیٹ میں 3.75 فیصد کی کمی ہوئی ہے جس کا مطلب ہے کہ مارکیٹ سے تین سو ترپن ارب کا سرمایہ اٹھا لیا گیا ہے.